اڈپی 19؍ دسمبر (ایس او نیوز)ایک دہشت ناک واردات میں بدنام زمانہ غنڈے کا دن دہاڑے بہیمانہ قتل کیا گیا ہے۔ اڈپی تعلقہ کے ہیریاڈکا پولیس تھانہ کی حدود میں یہ واردات پیش آئی ہے جس میں ہلاک ہونے والے کی شناخت ورواڈی پروین کلال (۳۵ سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
کہتے ہیں کہ پروین ایک ہسٹری شیٹر تھا اور اس کے خلاف قتل، اقدام قتل کے علاوہ ہفتہ وصولی اورڈرانے دھمکانے کے الزامات کے تحت 16معاملات درج تھے۔ کچھ عرصہ قبل اس کے خلاف غنڈہ ایکٹ بھی لگایا گیا تھا۔بشیر اور سلیمان نامی دو افراد کے قتل میں وہ کلیدی ملزم بھی تھا۔عینی شاہدین کے مطابق پروین اور اس کے دوست ایک بار میں دوپہر کا کھانا کھا کر جب باہر نکلے تو موٹر بائک پر آنے والے دو لوگوں نے اس کا راستہ روکا اور تلواروں سے حملہ کردیا۔ پروین جان بچانے کے لئے بھاگا لیکن حملہ آوروں نے پیچھا کرکے اس پر تقریباً 30منٹ تک مسلسل حملہ کیا۔ اس دوران لوگ تماشائی بنے رہے اور کسی نے بھی مداخلت کرنے کی ہمت نہیں کی۔ اس طرح پروین کا کا م تمام کرنے کے بعد قاتل آسانی کے ساتھ فرار ہوگئے۔
حملہ آوروں کے بارے میں شبہ ہے کہ ان میں سے ایک پُتّیگے سنتو ہے، اور اس حملے کے دوران وہ بھی زخمی ہوا ہوگا۔واردات کے وقت پروین کے پاس بھی ریوالور موجود تھا، مگر حملہ اتنا اچانک اور شدید تھا کہ اسے ریوالور استعمال کرنے کا بالکل موقع نہیں ملا۔اڈپی ضلع ایس پی بالاکرشنا، ایڈیشنل ایس پی کمار سوامی،سرکل انسپکٹر سمپت کمار وغیرہ نے واردات کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ ہیریاڈکا پولیس نے کیس درج کر لیا ہے۔ تحقیقات جاری ہے۔